مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں میں واضح ہے کہ نیب کا مقصد سیاستدانوں کو توڑنا اور ان کی وفاداریاں بدلنے کی کوشش کرنا ہے ، نیب عدالتوں میں کیمرے لگا کر عوام کو دکھائیں کہ یہاں ہو کیا رہا ہے ۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم پر بے بنیاد الزامات عائد کئے گئے ہیں ، عوام کو بتائیں کہ ہم پر کیا الزامات ہیں ، تین سالوں سے کیا پیشرفت ہوئی ہے ،نیب اور چیئرمین نیب کی کارکردگی واضح ہو گئی ہے ، سپریم کورٹ کے احکامات دیکھ لیں ۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک کے حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ بیروزگاری بڑھ رہی ہے ، اس حکومت میں سوا دو کروڑ لوگ خط غربت سے نیچے چلے گئے ، نا ختم ہونے والی کرپشن اور مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے ، کیا یہ ریاست مدینہ ہے ؟۔
رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ آج حکومت دگنی قیمت پر ایل این جی خرید رہی ہے ۔