نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی شادی کے بندھن میں بندھ گئیں

نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کا عصر ملک کے ساتھ نکاح ہوگیا۔

ملالہ یوسف زئی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ میں آج نکاح کے بندھن میں بندھ گئی۔ نکاح کی مختصر تقریب برمنگھم میں ہوئی۔

انہوں نے لکھا کہ آج میری زندگی کا ایک قیمتی دن ہے کیونکہ عصر اور میں جیون ساتھی بن گئے ہیں۔ برمنگھم میں دونوں فیملیز کی موجودگی میں نکاح کی چھوٹی سی تقریب ہوئی۔

ملالہ نے لکھا کہ ہمیں آپ سب کی دُعاؤں کی ضرورت ہے۔ ملالہ یوسف زئی نے اپنے ٹوئٹ میں نکاح کی تصاویر بھی شیئر کر دیں۔

نوبل انعام حاصل کرنے والی سب سے کم عمر ہونے کا اعزاز حاصل کرنے والی ملالہ یوسف زئی پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے سوات میں پیدا ہوئیں تاہم طالبان کا نشانہ بننے کے بعد ملالہ یوسف زئی امریکہ منتقل ہو گئی تھیں۔

ملالہ یوسف زئی کے خاوند عصر ملک کا تعلق شعبہ کرکٹ سے ہے اور وہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ہائی پرفارمنس سینٹر میں جنرل منیجر ہیں۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق عصر ملک لمس کے گریجویٹ ہیں اور ان کا شمار پی سی بی کے قابل افسران میں ہوتا ہے۔

عصرملک پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز ملتان سلطانز میں بھی جنرل منیجر آپریشنز رہ چکے ہیں۔

ملالہ کے والد ضیا الدین یوسف زئی نے بھی اس حوالے سے ایک ٹوئٹ کیا۔

انہوں نے لکھا ‘جذبات کے اظہار کے لیے الفاظ نہیں، ہم مسرت اور شکرگزاری کے جذبوں سے سرشار ہیں’۔

ملالہ یوسف زئی کی دوست نے بھی نکاح کی تقریب کی ایک تصویر انسٹا گرام پر شیئر کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں