ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے نشان حیدر کا اعزاز پانے والے سوار محمد حسین شہید کے یوم شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر نشان حیدر سوار محمد حسین شہید کو یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لکھا کہ1971 کی جنگ میں ظفروال، شکر گڑھ سیکٹر میں سوار محمد حسین شہید کی شہادت کے 50 سال اور عظیم قربانی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
Tribute to Sowar Muhammad Hussain Shaheed, Nishan – e – Haider, on 50th Martyrdom anniversary for his supreme sacrifice in Zafarwal- Shakargarh Sector, 1971. His fearless actions inflicted heavy losses on enemy destroying 16 Indian Tanks thus proving that courage knows no bounds
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) December 9, 2021
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ سوار محمد حسین شہید نے بے خوفی و بہادری کی عظیم مثال قائم کرتے ہوئے دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا اور دشمن کے 16 ٹینک تباہ کرائے، انہوں نے 1971ء میں ظفروال، شکر گڑھ سیکٹر میں لازوال قربانی دی، سوار محمد حسین شہید نے ثابت کر دیا کہ جرات و بہادری کی کوئی حد نہیں۔
پاک فوج کے جوان سوار محمد حسین شہید 17 جون 1949 کو راولپنڈی کے علاقے ڈھوک پیر بخش میں پیدا ہوئے، 3 ستمبر 1966 کو پاک فوج میں بطور ڈرائیور شمولیت اختیار کی۔
1971 کے پاک بھارت معرکے میں سوار محمد حسین بطور ڈرائیور اگلے مورچوں پر ڈٹی فوج کو گولہ بارود پہنچاتے رہے، 5 دسمبر کو ظفر وال شکر گڑھ میں بھارت نے شدید گولہ باری کی تو سوار محمد حسین اپنے ساتھیوں کی شہادت پر خود ٹینک شکن توپوں کے پاس پہنچ کر دشمن کے ٹھکانوں کی نشاندہی کرتے رہے۔
سوار حسین کی بہادری سے دشمن کے کئی ٹینک تباہ ہوئے اور دشمن کا وار ناکام ہوا، کئی روز تک دفاع وطن کے جذبے سے آتش و آہن کے اس خونی کھیل میں سرگرم سوار حسین نے 10 دسمبر کو جام شہادت نوش کیا۔
سوار محمد حسین شہید کو ان کی جرات بہادری اور سرفروشی پر پاک فوج کے سب سے بڑے اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا، وہ یہ اعزاز پانے والے پہلے فوجی جوان ہیں۔