نسلہ ٹاور کی تعمیر کے ذمے داران کے خلاف مقدمہ درج

پولیس کا کہنا ہے کہ کراچی میں نسلہ ٹاور کی تعمیر کے ذمے داران کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایس پی جمشید ٹاؤن فاروق بجارانی کا کہنا ہے فیروزآباد تھانے میں نسلہ ٹاورکے ذمہ داروں کے خلاف مقدمہ الزام نمبر1043/21 کے تحت درج کیا گیا ہے۔ ابتک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے لیے پولیس کی تفتیشی ٹیم ایس بی سی اے کے دفتر میں گئی تھی لیکن مقدمہ کی اطلاع ملتے ہی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ذمہ دار افسران دفتر چھوڑ کر چلے گئے۔ مقدمہ کی کاپی سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جمع کروائی جائے گی۔

پولیس کے مطابق مقدمے میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی افسران اورسندھی کوآپریٹو مسلم سوسائٹی کے ذمےداران نامزد ہیں۔ دیگر متعلقہ اداروں کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور سندھی مسلم کوآپریٹو سوسائٹی سے ذمےداران کے نام طلب کر لیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز سماعت کے دوران سپریم کورٹ رجسٹری نے سندھ ہائی کورٹ کے آفیشل اسائنی کو زمین تحویل میں لینے اور فروخت روکنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ نسلہ ٹاور کا بلڈنگ پلان منظوری دینے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔

سپریم کورٹ نے محکمہ اینٹی کرپشن اور پولیس کو نسلہ ٹاور کی تعمیر کے ذمے داران کے خلاف محکمہ جاتی اور الگ مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے آئندہ سماعت پرکریمنل کارروائی کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں