بلوچستان میں حکمراں جماعت اور اتحادیوں کے ناراض ارکان نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک جمع کرادی، تحریک عدم اعتماد پر 14 ارکان کے دستخط ہیں۔
ناراض ارکان میں بیشتر کا تعلق بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) سے ہے جبکہ بی این پی عوامی اور پی ٹی آئی رکن بھی عدم اعتماد کرنے والوں میں شامل ہیں۔
تحریک عدم اعتماد اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مستعفی وزیر ظہور بلیدی کا کہنا ہےکہ 65 کے ایوان میں جام کمال کو صرف 24 ارکان کی حمایت حاصل ہے، عزت اسی میں ہے کہ وزیراعلیٰ عدم اعتماد سے پہلے مستعفی ہوجائیں۔
ظہور احمد بلیدی نے کہا کہ اسپیکر بلوچستان جلد اسمبلی اجلاس بلائیں اور تحریک عدم اعتماد پیش کریں، وزیر اعلیٰ کو پھر کہتے ہیں کہ وہ خود استعفیٰ دے دیں۔