نئے چیئرمین نیب کے ناموں کے لیے اپوزیشن جماعتوں کی اسٹیئرنگ کمیٹی آج سرجوڑ کر بیٹھے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹیئرنگ کمیٹی کے ورچوئل اجلاس میں اپوزیشن جماعتیں نئے چئیرمین نیب کے نام پرمشاورت کریں گی۔ اپوزیشن جماعتیں مشاورت کے بعد مختلف ناموں کی فہرست مرتب کرے گی۔
ذرائع کے مطابق اسٹیئرنگ کمیٹی کی جانب سے تیار کی جانے والی فہرست کی حتمی منظوری اپوزیشن لیڈردیں گے۔ اپوزیشن لیڈر ناموں کی نظرِثانی کے بعد نام ایوان صدرکو بھیجیں گے۔ ایوان صدر نئے چئیرمین نیب کے نام پر اتفاقِ رائے قائم کرنے کیلئے مشاورت شروع کرے گی۔
واضح رہے کہ ایوان صدر کی جانب سے دو روز قبل چئیرمین نیب کی تقرری کے لیے آئین کے تحت قومی اسمبلی میں لیڈر آف دی ہاؤس، وزیراعظم عمران خان اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو خط لکھا تھا۔
اس خط میں ایوان صدر نے وزیراعظم عمران خان اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے نئے چئیرمین نیب کے نام مانگے اور دونوں سے درخواست کی کہ وہ ایسے نام ایوان صدر کو بھجوائیں جو کہ چیئرمین نیب کےلیے طے شدہ طریقہ کار اور قواعد و ضوابط پر پورا اتریں۔
نئے نام آنے کے بعد صدر حکومت اور اپوزیشن کے اتفاق رائے سے نئے چئیرمین نیب کا انتخاب کریں گے اور اگر وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان کسی بھی ایک نام پر اتفاق نہ ہوا تو پھر صدر یہ معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو بھجوا دینگے جس میں حکومت اور اپوزیشن اراکین کی تعداد برابر ہوگی۔ صدر وہ نام بھی پارلیمانی کمیٹی کے حوالے کر دینگے جو کہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر نے تجویز کیے ہونگے۔
موجودہ چئیرمین نیب جاوید اقبال آٹھ اکتوبر کو اپنی چار سالہ مدت ملازمت مکمل کرچکےہیں۔ موجودہ چئیرمین نیب کو صدارتی آرڈیننس کے تحت نئے چئیرمین کی تعیناتی تک کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔