مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، بازاروں میں سبزی کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے۔
کچھ لوگوں نے اس کا حل یہ نکالا کہ سپر ہائی وے پر قائم سبزی منڈی جاپہنچے اور شہریوں میں یہ رجحان بڑھتا نظر آتا ہے۔
ہائے رے مہنگائی، اشیا خورونوش کی قیمتوں میں جہاں اضافہ دُگنا ہوگیا، کسی بھی سبزی کی قیمت فی کلو سو روپے سے کم نہیں۔
علاقے میں قائم تمام مارکیٹوں میں سبزی کی قیمتوں کو جیسے پر لگ گئے ہیں، مارکیٹ میں ٹماٹر 150 سے 180 روپے کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
ایسے میں شہریوں کا رجحان سبزی منڈی کی جانب بڑھ رہا ہے، شہری اب منڈی میں ہفتے بھر کی خریداری کرلیتے ہیں۔
آڑھتیوں کا کہنا ہے کہ سبزی فروشوں کے ساتھ عام شہری بھی بڑی تعداد میں اب منڈی آکر خریداری کر رہے ہیں۔
منڈی میں ٹماٹر کی قیمت 100 روپے کلو، دیسی لہسن 150 روپے کلو ادرک 240 روپے کلو ہے، ہری مرچیں 40 روپے کلو، دھنیا 150 روپے کلو، سوکھی پیاز 30 روپے کلو میں فروخت کی جارہی ہے، جو عام سبزی فروش کی بتائی قیمتوں کا نصف ہے۔