مہنگائی سے پریشان عام آدمی کی تکلیف سے آگاہ ہے، وزیر اعظم

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی کی تکلیف سے پوری طرح آگاہ ہے، منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔

لاہور کے مختصر دورے کے دوران  وزیراعظم عمران خاں کو مہنگائی، امن و امان کی صورتحال اور جاری ترقیاتی منصوبوں بارے بریف کیا گیا۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار، چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی اور آئی جی پنجاب راؤ سردار علی بھی اس ملاقات میں شریک ہوئے۔

وزیر اعظم کو مہنگائی پر قابو پانے اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت پائیدار اقدامات کر کے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے، مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے ضلع اور تحصیل کی سطح پر پرائس کنٹرول کمیٹیاں فعال کی گئی ہیں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پنجاب میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کریں تاکہ عوام کی سہولت ہو، عوام کے فائدے کے لیے تمام عوامی فلاحی منصوبوں کے بہترین معیار کو یقینی بنایا جائے گا، قانون سب کے لیے برابر ہے، قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

بعد ازاں وزیراعظم سے گورنر چودھری محمد سرور نے بھی ملاقات کی جنہوں نے جی ایس پی پلس اور یورپی اراکین پارلیمنٹ سے  ملاقاتوں سے متعلق آگاہ کیا۔ 

اپنا تبصرہ بھیجیں