موجودہ حکومت گیس کے نئے ذخائر اور ٹرمینلز کیلئے سہولیات فراہم کررہی ہے، فرخ حبیب

فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت گیس کے نئے ذخائر اور ٹرمینلز کیلئے سہولیات فراہم کررہی ہے۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے بلاول زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے اقتدار سنبھالا ہر شعبے ڈیفالٹ کے قریب تھا، ملکی معیشت تباہ حال تھی۔

فرخ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان 2018 سے مسلسل بحرانوں سے ہی نمٹ رہے ہیں۔ بلاول بتائیں 13 سالوں کے دوران سوائے کرپشن کے سندھ میں کون سی دودھ اور شہد کی نہریں بچھائی ہیں؟

انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام لاقانونیت، اندھیر نگری چوپٹ راج، مہنگائی، لوٹ مار پر پیپلز پارٹی سے پناہ مانگ رہے ہیں، سندھ کی ترقی، پینے کے صاف پانی، گرین لائن کی صورت میں بہترین سفری سہولیات، نالوں کی صفائی سمیت ہر کام وفاق کررہا ہے۔

وزیر مملکت کا کہنا ہے کہ سردیوں میں روزمرہ امور میں بجلی کے زائد استعمال پر شہریوں کو فی یونٹ ریلیف فراہم کیا جارہا ہے، سندھ میں پیپلز پارٹی کی پشت پناہی میں گرانفروش عوام کو لوٹنے میں مصروف ہیں۔

فرخ حبیب نے مزید کہا کہ ن لیگ کے بجلی اور گیس کے مہنگے منصوبوں کی قیمیت آج عوام کو ادا کرنا پڑ رہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے رواں سال پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسز میں بتدریج کمی کی تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں