سرگودھا: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے تبدیلی کے نام پر تباہی مچا دی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی قائد عوام شہید بھٹو اور شہید بے نظیر کی پارٹی ہے اور قائد عوام نے اس جماعت کے لیے 4 اصول دیئے تھے جبکہ بے نظیر بھٹو نے ان اصولوں میں اضافہ کر کے 5 کر دیئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت ہماری سیاست اور مساوات ہماری معیشت ہے جبکہ ہم اس سلیکٹڈ حکومت کا مقابلہ کرنے کے لیے میدان میں نکلے ہیں۔ 27 فروری کو کراچی سے اسلام آباد کا رخ کریں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اسلام آباد پہنچ کر اپنے مطالبات حکومت اور دنیا کے سامنے رکھیں گے۔ اس حکومت نے تبدیلی کے نام پر تباہی مچا دی ہے اور ہم نے شروع سے ہی انہیں سلیکٹڈ کہا ہے۔ آپ کی ناکامی کا بوجھ غریب عوام پر پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ نوکریوں اور 50 لاکھ گھر دینے کا وعدہ کیا گیا لیکن 50 لاکھ گھروں اور ایک کروڑ نوکریوں کا کیا بنا ؟ ان ظالموں نے تو غریب کے سر سے چھت چھین لی۔ ہم نے پچھلے ہفتے ملک بھر میں کسان مارچ کیا اور ملک میں ہر طبقہ سراپا احتجاج ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ کسان یوریا کے بحران پر احتجاج کر رہے ہیں اور جب سے یہ ناکام حکومت آئی ہے ہماری زراعت تباہ ہو گئی ہے جو ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر مشکل وقت میں ملک کو بحران سے نکالا اور ہم مہنگائی کا مقابلہ کرنے کے لیے بی آئی ایس پی پروگرام لائے تھے۔ پیپلز پارٹی نے پنشنز اور تنخواہوں میں اضافہ کیا لیکن آج عوام کے انسانی و معاشی حقوق پر حملے ہو رہے ہیں۔ ہم اس کٹھ پتلی کو گھر بھیج دیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ کرپشن پر عوام سے جھوٹ بولا گیا لیکن ہم اپنے اصولوں پر کبھی سودا نہیں کر سکتے۔ وزرا کہتے ہیں کہ پاکستان میں مہنگائی ہے ہی نہیں لیکن عوام کو معلوم ہے کہ مہنگائی ہے اور اس کا ذمہ دار عمران نیازی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی پیپلز پارٹی نکلی ہے ہمیشہ ظالم کو نقصان ہوا ہے اور تاریخ میں لکھا جائے گا جیالے دیوار بن کر کٹھ پتلی کے آگے کھڑے تھے۔