ملک بھر میں جشن عید میلادالنبیﷺ آج عقیدت و احترام کیساتھ منایا جائے گا

آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کا جشن آج ملک بھر میں عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا۔

آقائے دو جہاں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جشن ولادت کے روز صبح بہاراں كا آغاز بارگاہ رسالتﷺ میں ہدیہ درود و سلام اور اجتماعی دعاؤں سے ہوگا جس میں ملک کی سلامتی و خوشحالی کے لیے بھی دعائیں مانگی جائیں گی۔

پاک فوج کی جانب سے دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جب کہ صوبائی دارالحکومتوں کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔

جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں جلسے جلوسوں اور ریلیوں کا اہتمام کیا گیا ہے جن میں حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کا اظہار کیا جائے گا۔ عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنے اپنے انداز میں والہانہ محبت کا اظہار کریں گے جب کہ ملک کے مختلف شہروں میں جلسوں سے جید علمائے کرام بھی خطاب کریں گے جن میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بیان کی جائے گئی۔

جشن عید میلاالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر کراچی سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ جلوس اور ریلیوں کی سیکیورٹی کے لیے پولیس کے خصوصی دستے تعینات کیے گئے ہیں۔ کراچی میں مرکزی جلوس کی سیکیورٹی پر ساڑھے 4 ہزار سے زائد پولیس اہل کار تعینات کیے گئے ہیں۔

جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے گھروں کو خوبصورت برقی قمقموں سے سجا رکھا ہے جب کہ پارلیمنٹ ہاؤس، وزیراعظم ہاؤس، ایوان صدر سمیت سرکاری و غیر سرکاری عمارتوں کو بھی خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔

علاوہ ازیں مختلف شہروں میں خانہ کعبہ اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے خوبصورت ماڈل بھی سڑکوں پر رکھے گئے ہیں جو عوام کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔

اُدھر وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ ہم اپنے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کے پر مسرت موقع پر پورے ملک میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جوش و خروش سے منائیں گے۔ آج صبح صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی تقریب کی میزبانی کریں گے اور دوپہر کو کنونشن سنٹر میں اس دن کی مناسبت سے منائی جانے والی خوشیوں میں شریک ہوں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں