وفاقی وزیر تعلیم و صدر تحریک انصاف پنجاب شفقت محمود نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ غیر ملکی اقامہ ہولڈرز ن لیگ کی صفوں سے برآمد ہوئے۔
خواجہ آصف کے بیان پر شفقت محمود نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ملکی سالمیت یا قومی تکریم جیسے تصورات سے ن لیگ مکمل طور پر نا آشنا ہے، ن لیگی وزراء نے قومی وقار خاک میں ملانے میں ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کی کوششیں کیں۔
شفقت محمود نے کہا کہ وزیر خارجہ کے منصب پر بیٹھ کر غیر ملکی کمپنی کی ملازمت خواجہ آصف کا کارنامہ ہے، جو شخص وزیر خارجہ ہو کر کسی غیر ملکی کمپنی سے تنخواہیں وصول کرے وہ قومی وقار پر کیسے بھاشن دے سکتا ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگی قائد اور ان کے بھائی کے نامہ اعمال میں درج بدعنوانی قوم کے لیے شرمندگی کا سامان بنی۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں اسلامی دنیا کے وزرائے خارجہ کا تاریخی اجلاس اقوامِ عالم میں پاکستان کے وقار کی علامت ہے۔
شفقت محمود کا کہنا تھا کہ خطے میں امن کے قیام سے ماحولیات کے تحفظ تک دنیا پاکستان کی کاوشوں کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان ہی کی قیادت میں پاکستان کو عالمی سطح پر وہ مقام ملے گا جس کا ہمارا ملک حقدار ہے۔