کشمیر اوورسیز فورم ریاض سعودی عرب کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے تقریب کا اہتمام کیا گیا تقریب کے مہمان خصوصی رانا محمد معصوم لیبر اتاشی سفارت خانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان تھے، صدارت انجینئر ابو حمزہ نے کی جن کا تعلق مقبوضہ کشمیر سری نگر سے ہے۔
تقریب میں کمیونٹی ممبران نے شرکت کی جن میں سیاسی جماعتوں کے رہنما پی وائے او ،پی ایم ایل این، پی پی پی ، مسلم کانفرنس، JKPP، جماعت اسلامی، جے یو آئی ف ، جمعیت اہلحدیث، عوامی تحریک، پاکستان تحریک انصاف کے نمائندے اور سماجی تنظیموں کے نمائندے شامل تھے۔
تقریب میں پاک میڈیا فورم کے نمائندوں اور پروفیشنل فورمز کے انجینئر فیصل عباسی نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔ تقریب کی نظامت کے فرائض افتخار شاکر اور عاصم آفتاب نے انجام دیئے۔
افتخار شاکر نے 5 اگست 2019 کے بعد مسئلہ کشمیر اور صورتحال کے پہلو کو اجاگر کرتے ہوئے پروگرام کا آغاز کیا اور آرٹیکل 370 اور 35 اے کو منسوخ کرنے کے ہندوستانی غیر جمہوری اور غیر انسانی اقدام کو اجاگر کیا۔
تقریب سے سردار شعیب، ثاقب زبیر، عمر فاروق گیلانی، احتشام جاوید کولی، مفتی عبدالجبار اور کشمیر اوورسیز فورم کے اراکین توفیق آفتاب، ذاکر جذبی، افتخار عباسی اور انجینئر محمد شفیق نے خطاب کیا.
مقررین نے کشمیر میں بھارت کے مظالم اور حریت قیادت کے ساتھ بھارتی غیر انسانی سلوک اور مرحوم سید علی گیلانی کے جنازے کے ساتھ ناروا سلوک پر روشنی ڈالی۔
مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے اور ریاست کشمیر کی وحدت کو برقرار رکھا جائے۔ تقریب سے پاک میڈیا فورم کے نمائندگان الیاس رحیم اور ذکاء اللہ محسن نے بھی خطاب کیا.
مہمان خصوصی رانا معصوم ویلفیئر اتاشی سفارت خانہ پاکستان نے خطاب کرتے ہوئے کشمیریوں اور حریت لیڈر شپ کے ساتھ گہری یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ سیاسی اور معاشی طور پر مضبوط پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے اور انہوں نے زور دیا کہ کشمیریوں کو ان کا حق دیا جائے۔ حق خود ارادیت اور مسئلہ کشمیر کے لیے میڈیا کے کردار کی اہمیت پر بھی زور دیا۔