بلوچستان کے ضلع گوادر میں کامیاب مذاکرات کے بعد دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان اور دھرنا قیادت میں کامیاب مذاکرات کے بعد دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا گیا۔ دھرنے کی قیادت کرنے والے مولانا ہدایت الرحمان نے گوادر میں دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان اور حق دو تحریک کے سربراہ نے معاہدے پر دستخط کر دیے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور زبیدہ جلال نے آج گوادر کا دورہ کیا تھا۔
4 روز قبل وزیر اعظم عمران خان نے گوادر کے دھرنے کا نوٹس لیا تھا۔ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے گزشتہ ایک ماہ سے جاری دھرنے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا تھا گیا کہ گوادر کے محنت کش مچھیروں کے انتہائی جائز مطالبات پر کارروائی کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں گوادر اولڈ سٹی کی تعمیر اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے منصوبے پر کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا اور ادارہ ترقیات گوادر کو اولڈ سٹی کے ترقیاتی منصوبوں کے فوری آغاز کی ہدایت کر دی۔
فیصلے میں کہا گیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت گوادر اولڈ سٹی کی ترقی کے منصوبوں کے لیے فنڈز فراہم کرے گی اور گوادر کے مجموعی ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت تیز کر کے عوام کو ریلیف دیا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے ترقیاتی فنڈز کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ گوادر کے ماہی گیروں کے حقوق اور روزگار کے تحفظ پر کوتاہی اور سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جبکہ وفاقی و صوبائی حکومتیں گوادر کے عوام کے مطالبات سے متفق ہیں۔ گوادر کی ترقی کو کاغذوں سے نکال کر حقیقت میں بدلیں گے۔