مردم شماری کے بعد سندھ میں تعلیمی اداروں کو بھی دیکھا جائے گا، خرم شیر زمان

پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ مردم شماری کے بعد سندھ میں تعلیمی اداروں کو بھی دیکھا جائے گا۔

تصیلات کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں زلزلے کی خبر افسوسناک ہے، بلوچستان حکومت زلزلے سے متاثرہ افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرے۔

خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ کراچی کی عوام مردم شماری کے حوالے سے مطمئن نہیں تھی، عوام جانتی ہے کہ کراچی کی گنتی صحیح نہیں ہوسکی، عمران خان کراچی کیلئے انتہائی فکرمند ہیں۔

تحریکِ انصاف کے رہنما کا کہنا ہے کہ کراچی میں سب سے زیادہ اسٹیک پی ٹی آئی کا ہے، کراچی وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کا شہر ہے، مردم شماری کے بعد سندھ میں تعلیمی اداروں کو بھی دیکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا ہے کہ حکومت صحیح بنیادوں پر مردم شماری کروائے گی، نئی مردم شماری میں ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی، مردم شماری جلد از جلد شروع کی جائے گی، گزشتہ مردم شماری میں کراچی کے ساتھ ناانصافی ہوئی تھی، مردم شماری میں ہمیشہ کراچی کی گنتی کامسئلہ رہا ہے۔

خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے مردم شماری کی منظوری دے دی ہے، وزیراعظم کے کراچی سے کیے گئے وعدے پورے ہورہے ہیں۔

پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے مزید کہا ہے کہ مردم شماری سے کراچی کے شہریوں کو فائدہ ہوگا، ہمیں امید ہے کہ مردم شماری کے بعد قومی اسمبلی کی نشستوں کا اضافہ ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں