محکمۂ موسمیات نے ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں منگل 4 جنوری سے بارش کی نوید سنا دی، کہا ہے کہ سندھ کے بڑے اضلاع کراچی اور حیدر آباد میں 4 سے 7 جنوری تک بارش کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق مضبوط مغربی ہواؤں کا سلسلہ 3 جنوری کو شمالی بلوچستان سے ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے، یہ سسٹم بتدریج وسطی اور بالائی سندھ کے بعد ملک بھر میں پھیل سکتا ہے۔
سسٹم کے زیرِ اثر 4 سے 7 جنوری کے دوران کراچی اور حیدر آباد سمیت سندھ کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ اس سسٹم کے تحت اس دوران سندھ کے جن دیگر اضلاع میں بھی بارش ہو سکتی ہے ان میں دادو، جام شورو، شہید بے نظیر آباد، جیکب آباد، شکار پور، سکھر، لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، سانگھڑ، بدین، ٹھٹھہ، ٹنڈو الہٰ یار، ٹنڈو محمد خان، عمر کوٹ اور تھرپارکر شامل ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں موسم خشک اور سرد رہے گا جبکہ تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
محکمۂ موسمیات نے بتایا کہ پیر کو شہرِ قائد کا مطلع صاف اور رات میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات نے مزید بتایا کہ منگل کے روز کراچی کا مطلع ابر آلود اور شام یا رات میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس دوران شہر میں مشرق اور شمال مشرقی سمت سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔