محکمہ موسمیات نے آج پھر کراچی میں بارش کی پیش گوئی کردی

شہر قائد کے رہائشی ایک مرتبہ پھر بارش کے لیے تیار ہو جائیں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کے دوران مزید بارشوں کی پیشن گوئی کردی ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ نے کہا ہے کہ آج بروز جمعہ بھی شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ہلکی و تیز بارش کا امکان ہے۔

چیف میٹرو لوجسٹ کے مطابق جمعہ کے بعد ہفتے کی صبح بھی بادلوں کے برسنے کے بہت زیادہ امکانات ہیں۔

کراچی میں گزشتہ روز ہونے والی بارش نے لوگوں کو سخت اذیت میں مبتلا رکھا۔ بارش کے دوران سڑکیں تالاب اور گلیاں دریا کا روپ دھار گئیں ، سیوریج کا پانی گھروں میں داخل ہوا اور جگہ جگہ ہونے والے ٹریفک جام کی وجہ سے لوگوں نے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کیا۔

ضلع وسطی کے علاقے ناگن چورنگی میں جمع ہونے والے کئی فٹ پانی کے باعث درجنوں گاڑیاں پھنس گئیں جب کہ موٹرسائیکل سوار اپنی گاڑیوں کو گھسیٹتے رہے۔ اسی علاقے کی فرنیچر مارکیٹ میں داخل ہونے والے پانی سے لاکھوں روپے مالیت کا قیمتی فرنیچر خراب ہو گیا۔

شاہراہ عثمان پر واقع حیدری مارکیٹ ، ناگن چورنگی اور شاد مان ٹاون میں برساتی نالہ ابل گیا جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی نہ ہونے کے برابر رہ گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاون میں 70ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جب کہ نارتھ کراچی میں 49.2، پی اے ایف فیصل بیس میں 47 ملی میٹر، ناظم آباد میں 20.2، سعدی ٹاون میں 16.1 اور یونیورسٹی روڈ میں 14 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق اورنگی ٹاون میں 10.6ملی میٹر، قائدآباد میں 8.5 ملی میٹر، گلشن حدید میں 5 ملی میٹر، ڈی ایچ اے فیزٹومیں 7 ملی میٹر، پی اے ایف مسروبیس میں 5 ملی میٹر ،کیماڑی میں 2.7 میٹر اور گلشن معمارمیں 3.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں