سندھ ہائی کورٹ نے 2017 میں جی ای ایس ٹی اور ای سی ٹی ٹیسٹ پاس امیدوارں کو محکمہ تعلیم میں بھرتی کرنے کا حکم دے دیا۔تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں دو ہزار سترہ میں جی ای ایس ٹی اور ای سی ٹی ٹیسٹ پاس کرنے والے امیدواروں کو بھرتی نہ کرنے کے معاملے پر سماعت ہوئی، اس دوران فاضل جج سیکریٹری ایجوکیشن اکبر لغاری کو جھاڑ پلا دی۔عدالت نے مذکورہ امیدواروں کو محکمہ تعلیم میں بھرتی کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کرلی۔
جسٹس صلاح الدین نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں چالیس ہزار سے زائد اساتذہ کی اسامیاں خالی ہیں اور آپ کے پاس کولیفائی لوگ بھی موجود ہیں اس کے باوجود لوگوں کو بھرتی کرنے کے بجائے دھکے کھانے پر مجبور کردیا ہے۔عدالت نے سیکریٹری تعلیم کو 170 امیدواروں کو بھرتی کرنے کے عمل کو مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایک مہینے میں بھرتی کا کام مکمل کرنے سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔عدالت نے محکمہ تعلیم کو حکم دیا کہ جن امیدواروں کی عمر بڑھ چکی ہے انہیں تین سال کی رعایت دی جائے۔