لیڈر وہ ہوتا ہے جو الیکشن کا نہیں، پوری نسل کا سوچتا ہے، فواد چوہدری

وفاقی وزیر برائے اطلاعات چوہدری فواد حسین کا کہنا ہے کہ لیڈر وہ ہوتا ہے جو الیکشن کا نہیں، پوری نسل کا سوچتا ہے۔

فواد چوہدری نے بجوالہ فاریسٹ، ضلع جہلم میں وزیراعظم کے بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت میگا پلانٹیشن ڈے کے حوالے سے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے ہمیشہ ماحول کی بہتری اور اپنی اگلی نسل کے مستقبل کو محفوظ بنانے کی بات کی۔ پاکستان میں کبھی کسی نے ماحول کی بہتری کا نہیں سوچا تھا۔

چوہدری فواد حسین کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان واحد لیڈر ہیں جنہوں نے خیبر پختونخوا سے بلین ٹری سونامی پروگرام کا آغاز کیا، وزیراعظم نے حلف اٹھانے کے بعد سب سے پہلے دس ارب درخت لگانے کے منصوبہ کا اعلان کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ماحول کسی ایک ملک کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری دنیا کا مسئلہ ہے، ہماری کوشش ہے کہ ہم اپنی نسل کے لئے اچھا ماحول دے کر جائیں۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ آج کینسر اور سانس کی بیماریوں میں اضافے کی بڑی وجہ یہی ہے کہ ماضی میں ماحول کی بہتری کے لئے کسی نے کام نہیں کیا۔

انہوں نے بتایا کہ جہلم میں ہم نے ساڑھے دس ہزار ایکڑ اراضی جنگل کے لئے مختص کی ہے، 2018ء میں ہم نے یہاں جو پودے لگائے تھے آج وہ تن آور درخت بن چکے ہیں، درخت اور پودے لگانے سے آج یہاں زمین میں پانی کا ٹھہراﺅ پیدا ہو گیا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ آج 25 ہزار ایکڑ زمین پر 20 ہزار پودے لگائے جائیں گے، سکولوں کے چھ ہزار سے زائد بچے یہاں آج اپنا قومی فریضہ ادا کرنے کے لئے موجود ہیں، جنہیں دیکھ کر بہت خوشی ہوئی، آج لگائے جانے والے پودے ان بچوں کی شناخت بنیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جہلم کے اندر ہم نے ترقی کے سفر کا آغاز کیا ہے، جو منصوبے یہاں شروع کئے ہیں، ان کے بارے میں کوئی سوچ ہی نہیں سکتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پنڈ دادنخان روڈ کی حالت سب کے سامنے ہے، ماضی میں اس سڑک پر کسی نے کوئی توجہ نہیں دی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ڈوئل کیرج وے کا حال ہی میں سنگ بنیاد رکھا ہے، انشاءاللہ اگلے سال یہاں کے عوام کی سہولت کے لئے ڈوئل کیرج وے مکمل ہوگی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جلال پور کنال منصوبہ تیزی سے جاری ہے، ایک لاکھ 78 ہزار ایکڑ زمین سیراب ہوگی، تین سالوں میں تحصیل پنڈ دادنخان کے لئے 70 ارب روپے کے منصوبے دیئے۔

انہوں نے کہا کہ جہلم شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین ہے، ہمارے قبرستان شہیدوں کے لہو سے مہکتے ہیں، شہیدوں اور غازیوں کی قربانیوں کی بدولت یہ ملک آگے بڑھ رہا ہے، ملک کے لئے ان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آج دیہات میں کسانوں کو اپنی فصلوں کی پوری قیمت مل رہی ہے، ہماری زرعی اکانومی میں پہلی مرتبہ بہتری آئی ہے، ہماری صنعتیں ترقی کر رہی ہیں۔

مہنگائی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر مہنگائی کی وجہ سے ملک میں بھی مہنگائی کی لہر ہے لیکن بہت جلد مہنگائی میں کمی آنا شروع ہو جائے گی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نے مل کر وطن عزیز کو عظیم سے عظیم تر بنانا ہے۔

تقریب میں بلغاریہ کی سفیر، ضلعی انتظامیہ، ڈپٹی کمشنر جہلم، میڈیا نمائندگان، جہلم پریس کلب کے عہدیداران، جہلم کے عوام اور سکولوں کے بچوں نے شرکت کی

اس موقع پر سفیر بلغاریہ کا کہنا تھا کہ آج ماحول کو بہتر کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت پر خوشی ہوئی، وزیراعظم عمران خان کے بلین ٹری منصوبے میں ہمیں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے، ہمیں اپنے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے، یہاں آج بہت سے سکولوں کے گروپس کو دیکھ کر خوشی ہوئی جو یہاں پودے لگانے کے لئے موجود ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں