لیفٹننٹ جنرل فیض حمید نے کور 11 کی کمانڈ سنبھال لی ہے۔ اس سے قبل وہ بطور ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) خدمات سر انجام دے رہے تھے۔
کمان کی تبدیلی کی مختصر تقریب پشاور کور ہیڈکوارٹرز میں ہوئی، جہاں لیفٹننٹ جنرل نعمان محمود نے فیض حمید کو کور 11 کی کمان سونپی۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ لیفٹننٹ جنرل نعمان محمود کو صدر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی تعینات کیا گیا ہے.
واضح رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو جون 2019 میں ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) مقرر کیا گیا تھا۔ انہیں لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کی جگہ تعینات کیا گیا تھا، جو 8 ماہ تک اس عہدے پر فائز رہے۔
انہیں اپریل 2019 میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی۔ ڈی جی آئی ایس آئی تعیناتی سے قبل وہ جی ایچ کیو میں ایڈجوٹنٹ جنرل کے عہدے پر فائز تھے۔
لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کا تعلق چکوال سے ہے۔ وہ پاک فوج میں پاس آؤٹ ہونے کے بعد وہ بلوچ رجمنٹ کا حصہ بنے۔ اس سے قبل وہ راول پنڈی میں ٹین کور کے چیف آف اسٹاف، پنوں عاقل میں جنرل آفیسر کمانڈنگ اور آئی ایس آئی میں ڈی جی کاؤنٹر انٹیلیجنس (سی آئی) سیکشن بھی رہ چکے ہیں۔
فیض حمید کا نام نومبر سنہ 2017 میں اسلام آباد میں فیض آباد کے مقام پر مذہبی تنظیم تحریکِ لبیک کے دھرنے کے دوران بھی سامنے آیا تھا.