لاہور میں بڑھتی اسموگ سے نمٹنے کے لیے بلدیاتی حکومت نے مختلف مقامات پر پانی کے چھڑکاؤ کا فیصلہ کیا ہے۔
کمشنر لاہور کا بتانا ہے کہ اسموگ سے نمٹنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے پیش نظر یورو 2 پیٹرول کی فروخت پر پابندی لگا دی جائے گی اور ایک ماہ کے لیے لاہور میں صرف یورو 5 پیٹرول کی سپلائی ہوگی جبکہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل چیف ٹریفک آفیسر لاہور اسموگ کو ڈینگی اور کورونا سے زیادہ بڑا معاملہ قراردے چکے ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ میں اسموگ کی روک تھام کے اقدامات سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران چیف ٹریفک آفیسر لاہور نےکہا تھا کہ اسموگ ڈینگی اور کورونا سے بڑا معاملہ ہے جس پر جسٹس شاہد کریم کا کہنا تھا کہ اسموگ پر فوری اقدامات کے ساتھ لانگ ٹرم پلاننگ بھی کرنا ہوگی۔