لاہور: جوس بنانے والی فیکٹری کا بوائلر پھٹ گیا، ایک شخص جاں بحق، ایک زخمی

ملتان روڈ پر واقع جوس بنانے والی فیکٹری کا بوائلر پھٹ گیا۔ فیکٹری میں آتشزدگی سے ایک شخص جاں بحق اور ایک جھلس کر شدید زخمی ہو گیا۔ بوائلر دھماکے کی سی سی ٹی وی بھی منظرعام پر آگئی۔

ملتان روڈ پر واقع جوس بنانے والی فیکٹری کا بوائلر پھٹ گیا۔ جاں بحق شخص کی شناخت یاسین کے نام ہوئی، جس کی عمر 33 سال بتائی جا رہی ہے، جبکہ زخمی کا نام شبیر بتایا جا رہا ہے، جس کی عمر 55 سال ہے۔ زخمی شہری کو جناح ہسپتال طبی امداد کے لئے منتقل کر دیا گیا۔ جہاں ڈاکٹروں کے مطابق شبیر کا جسم 50 فیصد جل چکا ہے۔

بوائلر میں پہلے دھماکے سے آگ بھڑکی جبکہ دوسرے دھماکے کی شدت سے اردگرد کے گھروں کو نقصان پہنچا۔ فیکٹری کی دیوار دھماکے کی شدت سے گر گئی۔ دیوار کی اینٹیں نزدیکی گھروں پر جاگریں۔ گھروں کی کھڑکیوں کے شیشے، مین گیٹ اور دیواریں بھی گرگئیں۔

علاقہ مکینوں کے مطابق فیکٹری کا بوائلر گھروں کے سامنے دیوار کیساتھ لگایا گیا تھا۔ متعدد بار شکایات کی لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں