شہبازشریف نے کہا ہے کہ قدرتی گیس کی عدم فراہمی اور بحران حکومت کی نااہلی اور بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ملک میں گیس کی قلت کے بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہسردی ابھی شروع بھی نہیں ہوئی لیکن گھروں اور کارخانوں کو گیس کی فراہمی معطل ہوگئی ہے، عمران نیازی صاحب کیا اچھے دن لائے ہیں؟
شہبازشریف نے کہا کہ شہریوں کو صرف تین وقت گیس فراہمی کا اعلان حکومت کی بے حسی اور نالائقی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے خود اعتراف کیاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائم کردہ انفراسٹرکچر سے گیس کے 14 کارگوز لائے جاسکتے ہیں۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت 18 مزید کارگوز کی کھپت ہے لیکن حکومت صرف دس کارگوز منگوا رہی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ ملک ، عوام اور معیشت عمران نیازی کی نااہلی کرپشن اور بے حسی کی متحمل نہیں ہوسکتی۔جب سے پی ٹی آئی حکومت آئی ہے، گیس مہنگی سے مہنگی ہورہی ہے جبکہ اس کی فراہمی کم سے کم ہوتی جارہی ہے۔
یاد رہے کہ رواں برس گیس کی قلت سب سے زیادہ ہونے کا امکان ہے۔ گیس کا شارٹ فال دسمبر کے دوران 600 ایم ایم سی ایف ڈی تک پہنچ جائے گا اور گیس کی ڈیمانڈ دو ہزار اور سپلائی چودہ سو سے ساڑھے چودہ سو ایم ایم سی ایف ڈی ہو گی۔