وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سندھ واحد صوبہ ہے جس کے شہری صحت کارڈ سے مستفید نہیں ہوں گے۔
کراچی میں پی ٹی آئی رہنما عالمگیر خان کے والد کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اب بلوچستان میں بھی صحت کارڈ کا منصوبہ شروع ہونے جا رہا ہے۔ پیپلز پارٹی سندھ کے لوگوں سے نجانے کس چیز کا بدلہ لے رہی ہے، سندھ میں اسپتالوں کا جو حال ہے اس سے عام آدمی متاثر ہو رہا ہے۔
فنانس ترمیمی بل کے حوالے سے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ فنانس ترمیمی بل 15 سے 20 جنوری تک پاس ہو جائے گا، ہم نے 5 سالوں میں 55 بلین ڈالر واپس کرنے ہیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی نہیں رکھا بلکہ اسٹیٹ بینک کا آزاد ہونا پاکستان کے مفاد میں ہے۔
ملک میں مہنگائی سے متعلق سوال پر فواد چوہدری نے کہا کہ ملک میں مہنگائی ہے لیکن پاکستان میں معاشی استحکام واپس آ رہا ہے، اب صورت حال میں بہتری آنا شروع ہو گی۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی واپسی کے لیے وزیراعظم نے اٹارنی جنرل کوہدایت جاری کی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف نواز شریف کو واپس لائیں یا جعلی حلف نامے پر ان کے خلاف کارروائی کی جائے، یہاں موٹر سائیکل چوری ہونے پر بھی پولیس بہو اور بیٹیوں کو بھی اٹھا کر لے جاتی ہے، ہائی کورٹ کو اس معاملے پر ازخود نوٹس لے کر شہباز شریف کو بلانا چاہیے۔