فرانس کے سفیر کو نکالنا مسئلے کا حل نہیں، وزیر اعظم

اسلام آباد :وزیر اعظم عمران خان نے علما و مشائخ سے ملاقات میں اپنا فیصلہ سنا تے ہوئے کہا کہ سعد رضوی کو رہا نہیں کر سکتے،اگر عدالتیں سعد رضوی کو رہا کرتی ہیں تو حکومت کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا ۔

وزیر اعظم عمران خان نے ملاقات میں دوٹوک اعلان کرتے ہوئے کہا مجھے کوئی بلیک میل نہیں کر سکتا اور نہ میں بلیک میل ہونگا ،انہوں نے کہا فرانس کے سفیر کو نکالنا مسئلے کا حل نہیں ،فرانس سے لڑائی بین الاقوامی طور پر پاکستان کو تنہا کر دے گی ۔

وزیر اعظم نے کہا حکومت لانگ مارچ پر تشدد نہیں کرنا چاہتی، لیکن کسی کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دینگے ،انہوں نے کہا فائرنگ مظاہرین کی طرف سے کی جا رہی ہے ،ابھی پولیس نے تشدد کا راستہ نہیں اپنا یا ۔

عمران خان کا کہنا تھا گستاخی رسولؐ سے سب مسلمانوں کو تکلیف ہوتی ہےلیکن فرانس کے سفیر کو نکالنے سے فرانس کو کچھ فرق نہیں پڑے گا،انہوں نے کہا صرف ٹی ایل پی والے نہیں ہم سب عاشق رسولﷺ ہیں ۔

دوسری طرف ذرائع کے مطابق علما کے وفد نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری اور علامہ طاہر اشرفی کی موجودگی میں ملاقات سے انکار کر دیا تھا، وزیراعظم نے بھی دونوں شخصیات کو مذاکرات میں شریک نہ ہونے کی ہدایت کی تھی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں