کراچی: سوئی سدرن گیس کمپنی نے سندھ و بلوچستان کے گھریلو صارفین کو گیس کی متواتر فراہمی یقینی بنانے کے لیے گیس سے بجلی بنانے والی غیر برآمدی صنعتوں کو گیس کی فراہمی بند کردی ہے۔
سوئی سدرن گیس کمپنی کے ترجمان کے مطابق پیٹرولیم ڈویژن حکومت پاکستان کے منظور کردہ گیس لوڈ مینجمنٹ کے ترجیحی آرڈر کے مطابق ایسی تمام غیر برآمدی صنعتوں کو گیس کی فراہمی اگلے احکامات تک بند رہے گی۔
سوئی سدرن گیس کمپنی کا کہنا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کی جنرل انڈسٹریز (غیر برآمدی) صنعتوں کو گیس کی فراہمی ہفتہ 11 دسمبر 2021سے منقطع کی جا رہی ہے، گیس کی سپلائی منقطع کرنے کا فیصلہ گھریلو صارفین کی گیس کی طلب پوری کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
سوئی سدرن کا نے بتایا کہ زیرو ریٹڈ ایکسپورٹ انڈسٹری بشمول اسکے کیپٹیو پاور پلانٹس اور فرٹیلائزر سیکٹر کو گیس کی فراہمی جاری رہے گی۔
بلوچستان میں انسانی جانوں کی بقا کے لیے اضافی گیس کی فراہمی ناگزیر ہے، گیس ان لوگوں کے لیے لائف لائن کا کام کرتی ہے جنہیں انتہائی کم درجہ حرارت میں گیس کے مختلف آلات کے ذریعے خود کو گرم رکھنے کی شدید ضرورت ہوتی ہے۔
دوسری جانب وزیر توانائی حماد اظہر نے کابینہ کو گزشتہ روز بریفنگ میں بتایا کہ گیس کے ذخائر 9 فیصد سالانہ کی شرح سے کم ہو رہے ہیں، نئے ذخائر نہ ملنے کے باعث آئندہ سالوں میں گیس مکمل ختم ہو جائیگی۔