عوام کی بہتری کیلئے وزیراعظم عمران خان کو مشکل فیصلے کرنا ہوں گے: چودھری پرویزالٰہی

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی، وفاقی وزیر آبی وسائل مونس الٰہی اور حسین الٰہی ایم این اے سے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری عامر جان بھی ملاقات میں موجود تھے۔

ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال اور اتحادی معاملات کو احسن انداز میں آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عوام کے حالات اسی صورت میں بہتر ہوں گے بشرطیکہ فوری اقدامات کیے جائیں، تحریک انصاف کے اتحادی ہیں، عمران خان ملکی معاملات کو احسن انداز سے آگے بڑھانے کیلئے کوشاں ہیں، حکومتی اتحادی ہونے کے ناطے حکومت کو ہر معاملے میں کو بھرپور سپورٹ کرتے رہے ہیں انشاء اللہ آئندہ بھی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی بہتری کیلئے وزیراعظم عمران خان کو مشکل فیصلے کرنا ہوں گے کیونکہ مہنگائی و بیروزگاری کے خاتمے کیلئے اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں اور ملک و قوم کی ترقی کیلئے معیشت میں بہتری بہت ضروری ہے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اپوزیشن کا کام تنقید کرنا ہے لیکن موجودہ حالات میں انتشار کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں، عوام کی تکالیف دور کرنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو اس کے حل کیلئے مثبت سوچ کے ساتھ آگے آنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی حالات کا تقاضا ہے عام آدمی کے حالات کو بہتر بنایا جائے، ہم چاہتے ہیں کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ڈیلیور کیا جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ہماری اتحادی جماعت ہے، اتحادیوں کے ساتھ تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط ہیں، ہمارا پاکستان مسلم لیگ سے بہترین ورکنگ ریلیشن شپ قائم ہے، فیصلہ سازی کے عمل میں مسلم لیگ کو شریک کیا گیا ہے، عوامی خدمت کے ایجنڈے کو مل کر آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنے والے عناصر دشمن کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں، مایوسی کا شکار اپوزیشن عوام کو گمراہ نہیں کر سکتی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں