عوام تیاری کریں، اگر حکومت سے فوری جان نہ چھڑائی تو پاکستان کا خدا ہی حافظ ہے، شہباز شریف

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حکمرانوں کے گریبان پر ہاتھ ڈالنے کا وقت آگیا۔ ساڑھے تین سال میں ملکی معیشت کا جنازہ نکل چکا ہے۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے حکومت گرانے کیلئے کال دیتے ہوئے کہاکہ عوام تیاری کریں، لنگوٹیں کسیں، اگر حکومت سے فوری جان نہ چھڑائی تو خاکم بہ دہن پاکستان کا ہی خدا حافظ ہے۔

لاہور میں خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے مزید کہا کہ حکمرانوں کا دھڑن تختہ ہونےوالاہے، ان کے گھبرانے کا وقت آنے والا ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ جلد بازی میں فقرے کس دیتا ہوں،  یار دوست ہنسی مذاق کرتے ہیں، میں نے کبھی کہہ دیا کہ لوڈ شیڈنگ ختم نہ کی تو نام بدل دینا۔

انہوں نے کہا کہ جب ہم نے حکومت سنبھالی تھی بیس بیس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی، نوازشریف نے قوم سے وعدہ کر رکھا تھا کہ اندھیرےختم کرنے کی ہرممکن کوشش کروں گا، میری بات چھوڑیں میں تو ہوں ہی جلد باز ، میں ہمیشہ جلد بازی میں جلدی میں فقرے کس دیتاہوں، آج یار لوگ ہنسی مذاق میں بات کرتے ہیں کبھی طنز بھی کرتے ہیں ، میں نے ایسے لمحات میں کہہ دیا ہم 6ماہ میں بجلی کےاندھیرےدورنہ کرسکےتومیرانام بدل دینا، میں یقیناً بہکا ہوا نہیں تھا، میں ہوش و حواس میں تھا جادو ٹونے کا شکار نہیں تھا۔

شہباز شریف نے کہا کہ اس کے بعد کیا ہوا،جتنے منہ اتنی زبانیں ، نہ جانے لوگوں نے کیا کیا فقرے کسے، یہاں تک بات آئی کہ نام بدل لیں، سیاست اصل میں عوامی خدمات کا نام ہے، سیاست نام ہے لوگوں کے دکھ درد بانٹنے کا، سیاست نام ہے لوگوں کو سہولتیں مہیاکرنے ،مہنگائی ختم کرنےکا۔

اپوزیشن لیڈر نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اب ان کے گھبرانے کا وقت آنےوالا ہے ، پی کے ایل آئی پاکستان کا جان ہاپکنز  تھا عمران نیازی نے اس کا جنازہ نکال دیا، پی کے ایل آئی میں دنیا بھر سے ڈاکٹر لے کر آئے، ساڑھے تین برس میں معیشت کا جنازہ نکل چکا ہے، عمران نیازی اور حکومت نے اسپتالوں کا جنازہ نکال دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 50 لاکھ گھر تو دور کی بات ایک اینٹ تک نہیں رکھی گئی، عمران نیازی کواس سے غرض نہیں تھی کہ یہاں غریبوں کاعلاج ہو، عمران نیازی کو اس بات سے تکلیف تھی کہ یہ منصوبہ ن لیگ نے بنایا، وقت آگیا ہے کہ ان کا گریبان ہو اور ہمارا اور آپ کاہاتھ ہو، تختیوں سے بات نہیں چلے گی آپ کا دھڑن تختہ ہونے والاہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں