اداکار عمرشریف کے معالج اور اداکارہ ریما کے شوہر ڈاکٹر طارق شہاب نے کہا ہے کہ عمر شریف ڈائیلیسز کے دوران ٹھیک تھے لیکن چارگھنٹے بعد دل کا دورہ ان کی موت کا سبب بنا ۔
واشنگٹن میں موجود ڈاکٹر طارق شہاب نے کہا کہ ویک اینڈ کی وجہ سے جرمنی میں متعلقہ دفاتر بند ہیں جس کی وجہ سے ان کی میت روانہ نہیں کی جاسکی، آئندہ ہفتے کے اوائل میں عمر شریف کی میت پاکستان پہنچ جائے گی۔
ڈاکٹر شہاب کا کہنا تھا کہ عمر شریف اب ہم میں ںہیں یہ بہت دکھ کی گھڑی ہے۔ جرمنی کے نیورمبرگ ہسپتال میں ان کی طبعیت بالکل ٹھیک تھی اور ڈائیلسیز کے دوران بھی ان کی طبعیت ٹھیک تھی ۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈائیلسیز کے چار گھنٹے کے بعد ان کو دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا ۔
ڈاکٹر طارق شہاب نے کہا کہ آج عمر شریف کو واشنگٹن کے لیے روانہ کیا جانا تھا مگر ڈائیلیسز کے بعد ان کی طبیعت بگڑ گئی اور ان کا دل ڈوبنے لگا اور پھر دل بند ہوگیا، جرمن ڈاکٹروں نے ان کی جان بچانے کی بہت کوشش کی ۔
جرمن ڈاکٹروں نے عمر شریف کو لائف سیونگ ادویات بھی دیں ان کو وینٹی لیٹر پر ڈالا اور سی بی آر دیا لیکن اس کے باوجود وہ عمر شریف کو نہیں بچا سکے۔ ڈاکٹر طارق شہاب نے کہا کہ اداکار عمر شریف کو بچانے کیلئے حکومت پاکستان، حکومت سندھ اور ہم سب نے بہت کوششیں کیں مگر وہ علاج کیلئے امریکا نہیں پہنچ سکے۔