پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ عمران خان ہر چیز کی ذمہ داری پچھلی حکومت پر ڈال دیتے ہیں۔
پریس کلب کے باہر مسلم لیگ (ن) نے مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا جس میں مفتاح اسماعیل سمیت پارٹی کے دیگر رہنما اور شریک ہوئے۔ اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ عمران خان ہر چیز کی ذمہ داری پچھلی حکومت پر ڈال دیتے ہیں اور کہتے ہیں پچھلی حکومت نے بجلی کے مہنگے سودے کیے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے سستی بجلی پیدا کرنے والے پلانٹ لگائے اور 2018 سے اب تک پاکستان میں بھارت سے زیادہ مہنگائی رہی ہے۔ پاکستان میں 10 فیصد مہنگائی کیوں ہے؟ یہ خطے کے دیگر ممالک سے زیادہ کیوں ہے؟۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے یہاں مہنگائی بھی زیادہ ہے جبکہ بے روزگاری بھی زیادہ ہے اور معاشی اعداد و شمار میں بھی ہم خطے کے دیگر ممالک سے پیچھے ہیں اور عمران خان 200 ارب ڈالر باہر سے لانے کی بات کرتے تھے لیکن نہیں لا سکے۔
انہوں نے حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو ملازمتوں سے نکالا جا رہا ہے اور 50 لاکھ گھر بنانے کا وعدہ کیا لیکن ایک گھر نہیں بنایا۔ مہنگائی کی صورتحال اب عام آدمی کے بس کی بات نہیں رہی اور 130 روپے لیٹر پٹرول تو اب مڈل کلاس آدمی کی برداشت سے بھی باہر ہے۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ یہاں تنخواہ نہیں بڑھ رہی روزگار کے مواقع نہیں بڑھ رہے اور لوگ پریشان ہیں کیوں کہ خان صاحب نا اہل ہیں انہیں کام نہیں آتا۔
دوسری جانب قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ریاست مدینہ میں بے روزگاری ،مہنگائی نہیں تھی ۔اس حکومت کو ریاست مدینہ کہنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔ 17 جون کو ہی بتایا تھا کہ بجٹ فراڈ ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف ملک کے 22 کروڑ عوام کو شکنجے میں لانا چاہتا ہے۔ اخبارات میں خبر آئی آئی ایم ایف اب بھی ان کے ساتھ راضی نہیں ہوا۔ غریب آدمی بجلی،گیس کے بل ادا کرے یا بچوں کو کھانا فراہم کرے