مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان نے 22 کروڑ عوام کو قبر میں پہنچانے کی پوری کوشش کی۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے پاکستان ڈیمو کریٹ پارٹی (پی ڈی ایم) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی ہمارے وزیر اعظم کا فون نہیں اٹھاتا اور امریکی صدر جوبائیڈن ان کو فون ہی نہیں کرتا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے تھے آٹا مہنگا ہو تو سمجھ لو وزیر اعظم چور ہے، چینی مہنگی ہو تو سمجھ لو وزیر اعظم چور ہے۔ نواز شریف کے دور میں چینی 50 روپے لیکن آج 120 روپے کلو ہے۔ نواز شریف دور میں بجلی 10 روپے اور آج 24 روپے یونٹ ہے۔ نواز شریف دور میں پیٹرول 70 روپے اور آج 138 روپے لیٹر ہے اور پیٹرول مہنگا ہو تو ہر چیز مہنگی ہو جاتی ہے۔
مریم نواز نے کہا عمران خان نے کہا تھا کہ ان کو رلاؤں گا اور آج پوری قوم ہی رو رہی ہے لیکن مہنگائی کر کے پھر بھی ان کو سکون نہیں ملا یہ بے حس لوگ ہیں۔ ان کے وزیر کہتے ہیں 2 کے بجائے ایک روٹی کھا لو اور عمران خان نے 22 کروڑ عوام کو قبر میں پہنچانے کی پوری کوشش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج حکومت کا یہ حال ہے کہ اگر گرمی آئے تو بجلی غائب اور سردی آئے تو گیس غائب ہو جاتی ہے۔
مسلم لیگ ن کی رہنما نے کہا کہ برطانوی عدالت نے کہا شہباز شریف پر منی لانڈرنگ ثابت نہیں ہوئی۔ حکومت نے نیب کے ذریعے مخالفین سے انتقام لیا ہے لیکن جب اپنی باری آئی تو انہوں نے نیب کا قانون ہی تبدیل کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے شیر نہ کبھی جھکے نہ کبھی بکے۔ جب انسان اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑتا ہے تو ایک پیج پر ہونے کے باوجود تاریخی رسوائی ظالم کا مقدر بنتی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کے مخالفین کو اللہ نے عبرت کا نشان بنا دیا ہے اور جس نے اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑ دیا اللہ نے اسے سرخرو کیا۔ پیٹرول، ڈیزل اور دیگر اشیا تاریخ کی بلند سطح پر ہیں اور آج بچے، بزرگ اور نوجوان سب وزیر اعظم کو بددعائیں دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ پیٹرول مہنگا کر کے ایسے بات کرتے ہیں جیسے انہوں نے عوام کی 7 نسلوں پر احسان کیا ہو اور ان کے وزرا عوام کے نوالے گنتے ہیں۔ حکومتی وزرا کہتے ہیں 10چینی کے دانوں کی بجائے 8 کھا لو اور صبر کرو۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں اگر میں سبزی، آٹا مہنگا کردوں تو آپ نے کھانا نہیں کھانا، اگر میں دوائیوں کی قیمتوں میں اضافہ کردوں تو آپ نے علاج نہیں کرانا، اگر میرے وزرا سب کچھ کھا جائیں تو آپ نے اس طرف آنا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلے ملک کورونا کی لپیٹ میں تھا اور آج لوگ ڈینگی سے مر رہے ہیں۔ کورونا میں زندگی بچانے والا انجکشن آج 7 لاکھ روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ حکومت نے تاریخ کا سب سے بڑا 122 ارب روپے کا ایل این جی کا ڈاکہ مارا اور ایل این جی کی مد میں عوام کی کمائی عمران خان کے لوگوں کی جیب میں گئی۔