آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا پاکستان اور ایران برادر ممالک ہیں جبکہ علاقائی امن و استحکام کے لیے پاک ایران تعاون ضروری ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ایران کی مسلح افواج کے اعلیٰ سطح کے وفد نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، وفد کی قیادت چیف آف جنرل سٹاف میجر جنرل محمد باقری نے کی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایرانی چیف آف جنرل سٹاف محمد باقری نے ملاقات بھی کی۔ ملاقات میں دفاعی تعاون بڑھانے اور علاقائی امن کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات کے دوران افغانستان کی صورتحال، علاقائی سیکیورٹی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے دوران سرحدوں پر انتظامی امور، پاک ایران سرحد پر باڑ لگانے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی چیف آف جنرل سٹاف نے یادگارشہدا پر پھول چڑھائے، میجر جنرل محمد باقری نے شہدا کے لیے فاتحہ بھی پڑھی جبکہ پاک فوج کے دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ اور ایرانی چیف آف جنرل سٹاف جنرل محمد باقری کے درمیان ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ دہشت گردی ایک مشترکہ دشمن ہے، اس سے نبرد آزما ہونے کیلئے مل کر اقدامات کریں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وفد کی سطح پر مذاکرات میں ایرانی وفد کو علاقائی سیکیورٹی پر جامع بریفنگ دی گئی، ایرانی وفد کو آپریشنل اپ ڈیٹ کے علاوہ پاک فوج کی جانب سے تربیت فراہم کرنے کے امور پر بھی بریفنگ دی گئی۔
ایرانی وفد کو دوست ممالک کے ساتھ تعاون اور مشترکہ فوجی مشقوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی، ایرانی میجر جنرل نے افواج کے درمیان تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا اور انسداد دہشت گردی اور تربیتی امور میں بھی تعاون کی خواہش ظاہر کی۔ ملاقات کے دوران آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران برادرانہ ممالک ہیں، علاقائی امن اور استحکام کے لیے دونوں ممالک میں قریبی تعاون ہونا ضروری ہے۔