عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے، وزیر اعظم کی ہدایت

وزیراعظم عمران خان نے معاشی ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، معاشی ترقی کیلئے اہم میکرو اکنامک اشاریوں کے استحکام پر بھرپور توجہ مرکوز ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ملکی مجموعی معاشی صورتحال پر جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور عمر ایوب خان، وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر، وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود، مشیر خزانہ شوکت فیاض ترین، وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیراعظم کو معاشی ٹیم نے بین الاقوامی مارکیٹ میں مہنگائی اور بڑھتی ہوئی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بریفنگ دی جبکہ انہیں ملک کی مجموعی اقتصادی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ حکومت نے کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کیلئے مثالی اقدامات اٹھائے، کورونا وائرس کی وبا اور بین الاقوامی مارکیٹ میں اشیا خوردونوش اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں انتہائی تیزی سے اضافہ کے باوجود حکومت قیمتوں کو کم رکھنے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ معاشی ترقی کیلئے اہم میکرو اکنامک اشاریوں کے استحکام پر بھرپور توجہ مرکوز ہے۔ا نہوں نے معاشی ٹیم کو ہدایت کی کہ عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں