وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر ایل این جی کا شارٹ فال ہے۔
پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر توانائی نے یہ بات سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے بیان میں کہی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ عالمی سطح پر ایل این جی کے شارٹ فال کے باعث برطانیہ کو بھی تاحال قطر سے کسی شپمنٹ کی یقین دہانی نہیں ہوئی ہے۔
وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ قطر سے پاکستان کو رواں سردیوں میں ایل این جی کی اضافی سپلائی جاری ہے۔
حماد اظہر نے کہا کہ مقامی گیس کے مقابلے میں امپورٹڈ گیس کی قیمت زیادہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ صارفین کو ایک حد سے زیادہ مہنگی گیس فراہم نہیں کی جا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ دو دن قبل وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا تھا کہ درآمدی کمپنیاں صارفین کو دینا شروع کردیں تو کمپنیاں دیوالیہ ہو جائیں گی۔