شیل پاکستان کا 25 نومبر کو پیٹرول کی فراہمی جاری رکھنے کا اعلان

شیل پاکستان نے 25 نومبر کو پیٹرول کی فراہمی جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

شیل پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 25 نومبر کو پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کا حصہ نہیں ہیں۔

شیل پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ کمپنی آپریٹڈ ریٹیل سائٹ سے تیل کی فراہمی جاری رہے گی۔

شیل پاکستان نے اس حوالے سے کمپنی کی زیر ملکیت چلنے والے پیٹرول پمپس کی فہرست بھی جاری کی ہے جس کے مطابق پاکستان بھر میں ایسے پمپس کی تعداد صرف 35 ہے جن میں سے 7 پمپس کراچی میں ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کل ملک بھر میں ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس اعلان کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں پیٹرول پمپس پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں جس کی وجہ سے مختلف سڑکوں پہ ٹریفک بھی جام ہونے کی اطلاعات مل رہی ہیں۔

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق نہ صرف ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند رہیں گے بلکہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور چترال میں بھی پیٹرول پمپس پر پیٹرول دستیاب نہیں ہو گا۔

اس سلسلے میں پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے رہنما نعمان علی بٹ نے کہا ہے کہ حکومت نے ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ڈیلر مارجن 6 فیصد نہیں کیا جاتا اس وقت تک حکومت سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔

پاکستان تھریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے اس سلسلے میں کہا ہے کہ ہم پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ مارجن پر نظر ثانی سے متعلق سمری پہلے ہی ای سی سی میں پیش کرچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں