وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وہ نالہ لئی منصوبے کے بعد سیاست کو خیر باد کہہ دیں گے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے وفاقی دارالحکومت میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ باہر سے لوگ آ کر اسلام آباد میں ڈکیتی کی وارداتیں کرتے ہیں اور سیالکوٹ واقعہ پر بھی ہم سب شرمندہ ہیں۔ انتہا پسندی سے پاکستان کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسیحی ملازمین کو مستقل کریں گے اور مسیحی کالونی تعمیر کروائیں گے۔ 25 دسمبر تک جن مسیحی ملازمین کو تنخواہ نہیں ملتی وہ مجھ سے براہ راست رابطہ کریں۔
شیخ رشید نے کہا کہ اسلام آباد کے پاس پیسہ زیادہ ہے تاہم غریب کو دینے کے لیے ہمت چاہیے ہوتی ہے۔ 25 اور 26 کو چھٹی ہے جبکہ حالات کی وجہ سے مزید چھٹیاں نہیں دے سکتے۔
انہوں نے کہا کہ نالہ لئی منصوبے کے بعد سیاست کو خیر باد کہہ دوں گا۔ گزشتہ روز ایکنک سے نالہ لئی منصوبہ منظور ہو گیا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ہر مذہب کے عالموں کا نام عزت سے لینا میری تربیت کا حصہ ہے۔