پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے کراچی کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن میں آتشزدگی کے واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان کے استقبال کی بجائے فیکٹری میں جاری امداد کاموں میں ریسکیو اداروں کی مدد کریں ۔
جمعہ کو جاری بیان میں میاں شہباز شریف نے کہا کہ کورنگی مہران ٹاؤن کی فیکٹری میں آتشزدگی اور اس کے نتیجے میں 15 سے زائد افراد کے جاں بحق ہونا ایک المیہ ہے ۔اس واقعہ پر ہر آنکھ اشکبار ہے ۔انہوںنے کہا کہ سندھ حکومت واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد کے بہتر علاج معالجہ کو یقینی بنائے ۔
شہباز شریف نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔صدر مسلم لیگ (ن)نے پارٹی کارکنوں کو بھی ہدایت کہ وہ ان کے استقبال کی بجائے جاں بحق افراد کے لواحقین کی داد رسی کے لیے جائیں جبکہ امدادی کاموں میں بھی ریسکیو اداروں کی مدد کریں ۔