وفاقی حکومت نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے مشیر برائے خزانہ و ریونیو شوکت ترین کو سینیٹر بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے اور انہیں خیبر پختونخوا سے جنرل نشست پر سینیٹر بنوایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر ایوب آفریدی نے اپنی نشست سے استعفیٰ بھی دیدیا ہے اور انہیں اب وزیراعظم کا مشیر برائے سیفران بنا دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ہی شوکت ترین کی بطور وزیر خزانہ مدت ختم ہوئی تھی جس کے بعد انہیں مشیر خزانہ بنا دیا گیا تھا جس کے باعث وہ اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) اور ایکنک سمیت دیگر کمیٹیوں کی سربراہی نہیں کر سکتے تھے۔
وزیراعظم کا مشیر بنائے جانے کے بعد شوکت ترین کو کابینہ اجلاس میں شرکت کیلئے بھی وزیراعظم عمران خان کی خصوصی اجازت درکار تھی تاہم اب انہیں خیبرپختونخواہ سے سینیٹر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل حفیظ شیخ بھی غیرمنتخب وزیر خزانہ تھے جنہیں سینیٹ الیکشن میں شکست کے بعد عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔ حفیظ شیخ کی 6 ماہ کی مدت 9 جون کو بطور وزیر خزانہ ختم ہونی تھی اور سینیٹ الیکشن میں یوسف رضاگیلانی سے شکست کے بعد ان کا عہدے پر رہنا ناممکن ہوگیا تھا۔