شرمیلا فاروقی اور نادیہ خان نے ایک دوسرے کو ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا

معروف اداکارہ و ٹی وی میزبان نادیہ خان نے رکنِ سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی کو 50 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا۔

نادیہ خان نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ میرے وکیل کی جانب سے شرمیلا فاروقی کو ایک خاتون کے خلاف توہین آمیز تبصرے کے استعمال پر ہتک عزت کے لیے 50 کروڑ ہرجانے کا قانونی نوٹس بھیجا جا رہا ہے۔

https://www.instagram.com/p/CZWKFXlhvsq/?utm_source=ig_web_copy_link

نادیہ خان نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ کاش یہ کسی بے سہارا بچے یا ضرورت مند خاتون کی مدد کر دیتیں تو بھی میڈیا اور ہماری توجہ حاصل کر لیتیں۔

دوسری جانب شرمیلا فاروقی نے بھی نادیہ خان کو 50 ملین ہرجانے کا نوٹس بھیجا ہے جس کی تصدیق انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے کی ہے۔

پیپلز پارٹی رہنما شرمیلا فاروقی کی جانب سے بھجوائے گئے قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اداکارہ 15 دن میں ان کی والدہ سے متعلق دیئے گئے بیانات واپس لیں اور معافی مانگیں۔ بصورت دیگر نادیہ خان شرمیلا فاروقی کی ساکھ کو نقصان پہنچانے پر 15 روز میں 5 کروڑ ہرجانہ ادا کریں۔

واضح رہے کہ ایک تقریب کے دوران نادیہ خان نے شرمیلا کی والدہ انیسہ فاروقی کے ہمراہ ایک ویڈیو بنائی تھی جس میں انہوں نے ان کے میک اپ سے متعلق سوالات کیے تھے۔

شرمیلا فاروقی کو نادیہ خان کا انداز پسند نہ آیا جس کے بعد انہوں نے نادیہ کیخلاف قانونی کارروائی کا اعلان کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں