شدید دھند کے باعث موٹروے کئی مقامات سے بند

لاہور سمیت وسطی پنجاب کے بیشتر علاقوں میں دھند کی شدت کے باعث موٹرویز کو کئی مقامات سے بند کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق موٹروے ایم 2 لاہور ٹھوکر نیاز بیگ سے کوٹ مومن تک شدید دھند کے باعث بند کردیا گیا ہے۔

موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر وے ایم تھری کو بھی فیض پور انٹر چینج سے درخانہ تک شدید دھند کے باعث بند کر دیا گیا ہے۔

موٹروے پولیس نے بتایا ہے کہ موٹروے مسافروں کی حفاظت نظر کو مدنظر رکھتے ہوئے بند کی گئی ہے۔

موٹروے پولیس کا مزید کہنا ہے کہ دھند کی شدت میں کمی واقع ہوتے ہی موٹروے ٹریفک کے لیے کھول دی جائے گی، عوام سے گزارش ہے کہ دھند کے موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

واضح رہے کہ اسموگ، فوگ یعنی دھند اوراسموگ یعنی دھویں سے ماخوذ ایک اصطلاح ہے، یہ ایک فضائی آلودگی ہے، جو انسان کی دیکھنے کی صلاحیت کو کم کردیتی ہے۔

اس دھویں میں کاربن مونو آکسائیڈ، نائٹروجن آکسائیڈ، میتھین اور کاربن ڈائی آکسائیڈ جیسے زہریلے مواد شامل ہوتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جب ہوا نہیں چلتی اور درجہ حرارت میں کمی یا دیگر موسمی تبدیلی واقع ہوتی ہے توآلودگی فضاء میں اوپرنہیں جاتی بلکہ زمین کے قریب ہی ایک تہہ بن جاتی ہے اور ان وجوہات کے نتیجے میں یہ غیر معمولی آلودگی کئی کئی دن تک شہرمیں برقرار رہ سکتی ہے۔

دسمبر1952ء میں لندن میں فضائی آلودگی کی لہر کو’گریٹ اسموگ‘ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے، لندن میں آلودہ دھند کی وجہ سے12ہزار سے زائد افراد اپنی زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں