شدید دھند، ایم 3 اور ایم 5 موٹروے بند

شدید دھند کے باعث ایم 3 اور ایم 5 موٹروے بند کردیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اوچ شریف سے ظاہر پیر تک اور فیض پور سے جرانوالہ تک دُھند کے باعث موٹروے بند کردیے گئے ہیں۔

موٹروے پولیس نےعوام سے گذارش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھند کے موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔

موٹروے پولیس کے مطابق دھند کے موسم میں گاڑیوں میں درمیانی فاصلہ عام حالات کی نسبت زیادہ رکھیں جبکہ سفر شروع کرنے سے پہلے اور دوران سفر مدد کی صورت میں ہیلپ لائن 130 سے مدد لی جاسکتی ہے۔

واضح رہے کہ اسموگ، فوگ یعنی دھند اوراسموگ یعنی دھویں سے ماخوذ ایک اصطلاح ہے، یہ ایک فضائی آلودگی ہے، جو انسان کی دیکھنے کی صلاحیت کو کم کردیتی ہے۔

ماہرین کے مطابق موسم گرما جانے کے ساتھ ہی جب دھند بنتی ہے تو یہ فضا میں پہلے سے موجود آلودگی کے ساتھ مل کر اسموگ بنا دیتی ہے۔

اس دھویں میں کاربن مونو آکسائیڈ، نائٹروجن آکسائیڈ، میتھین اور کاربن ڈائی آکسائیڈ جیسے زہریلے مواد شامل ہوتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جب ہوا نہیں چلتی اور درجہ حرارت میں کمی یا دیگر موسمی تبدیلی واقع ہوتی ہے توآلودگی فضاء میں اوپرنہیں جاتی بلکہ زمین کے قریب ہی ایک تہہ بن جاتی ہے اور ان وجوہات کے نتیجے میں یہ غیر معمولی آلودگی کئی کئی دن تک شہرمیں برقرار رہ سکتی ہے۔

دسمبر1952ء میں لندن میں فضائی آلودگی کی لہر کو’گریٹ اسموگ‘ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے، لندن میں آلودہ دھند کی وجہ سے12ہزار سے زائد افراد اپنی زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں