وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ پاکستان کا سب سے بڑا ادارہ ہے اور اس کے فیصلے وزیراعظم پر بھی لاگو ہوتے ہیں۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے وزیراعظم کو آج طلب کیا ہے۔ کوئی خطرے کی بات نہیں ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ کوئی گیم شروع نہیں ہورہی گیم صرف عمران خان کی ہے اور وہ پانچ سال پورے کریں گے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ اے پی ایس کے شہدا کے لواحقین کی درخواست آئے گی تو کارروائی کریں گے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان قابلِ احترام اور پاکستان کا سب سے بڑا ادارہ ہے، اس کا فیصلہ سر آنکھوں پر ہے۔
خیال رہے سپریم کورٹ نے سانحہ اے پی ایس کیس میں آج وزیراعظم عمران خان کو طلب کیا ہے۔ سیکیورٹی ہائی الرٹ جبکہ پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کردی گئی ہے۔ آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان اور سینیٹر اعظم نذیر تارڑ بھی سپریم کورٹ پہنچ گئے ہیں۔
تین رکنی بینچ اس کیس کی سماعت کر رہا ہے۔ بینچ میں چیف جسٹس گلزار احمد، جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس قاضی امین شامل ہیں۔
آج جب سماعت شروع ہوئی تو چیف جسٹس پاکستان نے اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ بتائیں کیا وزیراعظم نے گزشتہ سماعت کا عدالتی حکم پڑھا ہے یا نہیں؟
گزشتہ سماعت میں عدالت نے وزیراعظم کو حکم دیا تھا کہ بتائیں سینئرز اور اعلیٰ عہدیداروں کیخلاف کیا کارروائی کی گئی؟