سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے نسلہ ٹاور سمیت دیگر کے تحریری حکمنامے جاری کر دیئے۔ عدالت نے نسلہ ٹاور گرانے کیلئے مزدوروں کی تعداد دوگنی گرنے کا حکم دیدیا جبکہ تجوری ہائٹس کیلئے بیس دن کی مہلت دیدی۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹر ی میں چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 3 رکنی لارجر بینج نے اہم مقدمات کی سماعت کی تھی۔ سپریم کورٹ نے تحریری حکمنامے جاری کر دیئے۔ نسلہ ٹاور کیس میں کمشنر کراچی کو دو سو مزدوروں کی جگہ چار سو مزدور لگانے کی ہدایت کی گئی۔
فیصلے میں کہا گیا کہ کمشنر کراچی نے بتایا، دو سو افراد نسلہ ٹاور گرانے پر لگائے گئے کمشنر کراچی چار سو مزدوروں کو لگائیں، تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ کمشنر کراچی نسلہ ٹاور کو گرانے کی کارروائی ایک ہفتے میں یقینی بنائیں۔ نسلہ ٹاور گرانے کے عمل کو محفوظ بھی بنایا جائے۔
تجوری ہائٹس کیس کے تحریری فیصلے میں کہا کہ وکیل رضا ربانی کے مطابق تجوری ہائٹس کا سٹرکچر گرا دیا گیا، انہوں نے مکمل ملبہ اٹھانے کیلئے 20 دن کی مہلت مانگی۔ عدالت نے تجوری ہائٹس بلڈر کو 20دن میں ملبہ اٹھانے کی مہلت دے دی۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ کمشنر کراچی تیجوری ہائٹس سے ملبہ اٹھانے کے عمل کو یقینی بنائیں،آئندہ حکم تک تیجوری ہائٹس اراضی کمشنر کراچی کی تحویل میں رہے گی۔
دفاعی اراضی پر کمرشل سرگرمیوں کے کیس کے تحریری حکمنامے میں کہا گیا کہ سیکرٹری دفاع نے بتایا کہ تمام کنٹونمنٹ اراضی اسٹریٹیجک لینڈ ہے، اسٹریٹیجک لینڈ صرف دفاعی مقاصد کے لیے مختص ہے، سیکرٹری دفاع 30 نومبر کو ایک بجے اسلام آباد میں پیش ہوں، سیکریٹری دفاع سے تحریری بیان بھی مانگ لیا۔
الباری ٹاور کیس کےتحریری فیصلے میں عدالت نے آئندہ حکم تک بلڈر کو جائیداد منتقلی سے روکتے ہوئے کہاکہ سیکرٹری وزرات ہاؤسنگ اینڈ ورکس اراضی کا تمام ریکارڈ پیش کریں۔