سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے چینی کمپنی کے ذریعے ضلع شرقی کی تمام 31 یوسیز سے گھر گھر کچرا اٹھانے کے کام کا آغاز کردیا گیا۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی کہتے ہیں کہ کچرے سے بجلی پیدا کرکے جلد کراچی والوں کو تحفہ دیں گے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی و ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے تحت چائنیز کمپنی چھانگی کانجی کے زیراہتمام ضلع شرقی کی 31 یوسیز میں گھر گھر سے کچرا اٹھانے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ سالڈ ویسٹ شہر کی صفائی کیلئے اب روایتی طریقے سے کچرا اٹھانے کے سسٹم کا خاتمہ کرکے جدید طرز اور ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے شہریوں کو ریلیف فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ کچرا کنڈیوں کا خاتمہ یقینی ہوگا اور ہر گھر سے سینیٹری عملہ کچرا اٹھائے گا، ایس ایس ڈبلیو ایم بی اس ماہ کے آخر میں ضلع کورنگی میں آپریشن کا آغاز کرنے جارہا ہے۔
انہوں نے اس موقع پر ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ زبیر چنہ، چائنیز کمپنی چھانگی کانجی اور سینیٹری عملے کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صفائی ستھرائی کے حالات بہت بہتر ہوتے جارہے ہیں، شہر کی صفائی ستھرائی میں سینیٹری ورکرز کی خدمات بے مثال ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ سندھ کابینہ نے کچرے سے بجلی بنانے کی پالیسی کی منظوری دے دی ہے، یہ کراچی کے شہریوں کیلئے تحفہ ہوگا۔ انہوں نے گھر گھر سے کچرا اٹھانے میں رکاوٹ ڈالنے والے مافیا سے متعلق کہا کہ کہ ہمیں ان کا بہادری سے مقابلہ کرنا ہے اس سلسلے میں شہری، میڈیا اور قانون نافذ کرنے والے ادارے تعاون کریں۔
ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ زبیر احمد چنہ نے کہا کہ جن اضلاع میں سندھ سالڈ ویسٹ کام کررہا ہے وہاں سے بیک لاگ مکمل صاف کیا جاچکا ہے اور اب ہم اگلے مرحلے کی طرف بڑھ گئے ہیں، جس میں گھر سے کچرا لیا جائے گا، ہماری ترجیح ہے کہ کچرا باہر سڑکوں پر نہ پھیلے، اس کیلئے ضروری ہے کہ گھر گھر سے کچرا اٹھایا جائے