کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ میں بہترین بلدیاتی نظام لارہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کراچی کے عوام پیپلز پارٹی کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
بلاول ہاؤس میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ کے بلدیاتی قانون کو کالا قانون کہنے والوں کا منہ کالا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جب سے پیدا ہوا ہوں کراچی پہ دہشت گردوں کا راج رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ آپ لسانیت کی سیاست کریں گے تو عوام آپ کو رد کریں گے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ہم پاکستان زندہ باد اور آپ پاکستان مردہ باد کا نعرہ لگاتے ہیں۔ انہوں نے استفسار کیا کہ پاکستان مخالف نعرے لگانے والے ہم کو لیکچر دینے والے کون ہوتے ہیں؟
بلاول بھٹو نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں نہ بلا چلے گا اور نہ ہی پتنگ، صرف تیر چلے گا، شہر قائد کے عوام پی پی پی کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعمیری تنقید جائز ہے، لوکل باڈیز الیکشن میں بتائیں گے اور دکھائیں گے کہ ملک میں اگر کوئی سیاسی جماعت ہے تو وہ صرف پیپلزپارٹی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی قانون سازی کے لیے کسی سے مشاورت نہیں کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں وہ آرڈیننس کے ذریعے لوکل باڈیز الیکشن کا ارادہ رکھتے ہیں۔
چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ اب پراپرٹی ٹیکس براہ راست لوکل باڈیز کے پاس جائے گا اور سارے میونسپل اختیارات کا چیئرمین منتخب میئر ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت، تعلیم اور قانون نافذ کرنے والے حکام اپنے اپنے علاقے کے نمائندوں کو جوابدہ ہوں گے۔
بلاول بھٹو نے دعویٰ کیا کہ جو قانون حکومت سندھ لائی ہے، اس کا پنجاب، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد کا قانون مقابلہ نہیں کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ہار ماننے کو تیار نہیں ہے جب کہ پیپلز پارٹی لاہور میں ترقی کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہاں کے لوگ پیپلزپارٹی سے امیدیں لگائے بیٹھے ہیں۔
چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ ہم ان کے مسائل کا حل نکال سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہم ہمیشہ سے لوگوں کو گھر دیتے رہے ہیں جب کہ یہ آج بنا رہے ہیں۔