کراچی: شہر قائد میں آتشزدگی سے متاثرہ مارکیٹوں کے متاثرین کے لیے سندھ کابینہ نے معاوضے کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کابینہ نے کراچی میں واقع مشہور مارکیٹوں کوآپریٹو مارکیٹ اور وکٹوریہ مارکیٹ کے متاثرین کو معاوضہ دینے کی منظوری دے دی ہے۔
ترجمان وزیر اعلیٰ کے مطابق کراچی کی ان مارکیٹوں میں 14 نومبر 2021 کو آگ لگی تھی، جس سے 280 دکانیں جل کر راکھ ہوگئی تھیں، جن کے متاثرین کو مالی طور پر بحالی کے لیے سعید غنی کے مطابق سندھ کابینہ نے 91 کروڑ 52 لاکھ 30 ہزار فنڈ کی منظوری دی۔
یاد رہے کہ 30 جنوری کو صدر میں واقع کوآپریٹو مارکیٹ کی بحالی کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا تھا، تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی نے اپنے فنڈ سے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر آتش زدگی سے تباہ مارکیٹ اپنی اصل حالت میں بحال کرنے میں مدد کی تھی۔
تاجروں کے مطابق گزشتہ برس نومبر میں کوآپریٹو مارکیٹ میں لگنے والی آگ سے 500 دکانیں جل کر خاکستر ہو گئی تھیں۔ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی آئی کراچی کے نمائندوں نے مارکیٹ کی تعمیر نو کا بیڑا اٹھایا اور ڈھائی ماہ کی مختصر مدت میں کام مکمل کیا۔