سندھ پولیس کے 1241 اہلکاروں کی فوج سے 3 ماہ کی تربیت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس ٹریننگ سینٹر سعید آباد کے پرنسپل شوکت کھٹیان کے مطابق گزشتہ سال بھرتی ہونے والے پولیس اہلکار ٹریننگ سینٹر سعید آباد میں زیرِ تربیت ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان اہلکاروں کی ابتدائی تربیت کے بعد انہیں چوکس، فعال اور پیشہ ورانہ مہارت سے لیس کرنے کے لیے رواں ہفتے پاکستان آرمی کے پاس ٹرانسفر کیا گیا ہے۔
شوکت کھٹیان کے مطابق 881 اہلکار پاک فوج کی پنوں عاقل چھاؤنی پہنچ چکے ہیں جبکہ 360 اہلکاروں کو پاکستان آرمی کی بدین چھاؤنی منتقل کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان اہلکاروں میں سے زیادہ تر کا تعلق کراچی پولیس رینج سے ہے جبکہ دیگر سندھ ریزرو پولیس، ریپڈ رسپانس فورس اور صوبے کے دیگر اضلاع سے بھی تعلق رکھتے ہیں۔
پولیس ٹریننگ سینٹر سعید آباد کے پرنسپل نے بتایا کہ صرف مرد پولیس اہلکاروں کو فوجی تربیت کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ آرمی کی تربیت کے دوران اہلکاروں کو ہتھیار پکڑنے، ہر قسم کا اسلحہ چلانے اور مختلف کارروائیوں کے دوران کمانڈو ایکشن سے متعلق تربیت دی جائے گی۔
شوکت کھٹیان نے مزید بتایا کہ زیرِ تربیت اہلکاروں کو ڈرل، ایکسر سائز اور دیگر عسکری معاملات کی ٹریننگ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ ان اہلکاروں کی خصوصی اور پیشہ ورانہ تربیت مارچ کے آخری ہفتے میں ختم ہو جائے گی جس کے بعد یہ تمام اہلکار واپس پولیس ٹریننگ سینٹر سعید آباد میں مزید کورسز کے بعد اپنے اپنے اضلاع جوائن کریں گے۔