جماعت اسلامی اور پاک سرزمین پارٹی( پی ایس پی) نے وزیر اعلیٰ سندھ کے اپوزیشن کو اقلیت کہنے کے بیان کی شدید مذمت، دونوں جماعتوں نے بھی سندھ حکومت کے منظورکردہ بلدیاتی بل کو مستردکردیا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم کہتے ہیں پیپلزپارٹی کی لسانی سیاست کوقبول نہیں کیاجاسکتا جبکہ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم لوکل گورنمنٹ کےاختیارات کی واپسی چاہتے ہیں۔
چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال نے ادارہ نور حق میں امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات کی۔
چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کو ریاست کےلیے خطرہ قرار دے دیا اور کہا کہ کراچی کے شہریوں کو محروم کر کے بلوچستان جیسی صورتحال پیدا کی جارہی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایک بااختیار شہری حکومت قائم کی جائے۔
اس کے علاوہ حاٖفظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی قوانین منظور کرکے لسانی سیاست کی جارہی ہے۔ لسانی سیاست کو کسی صورت میں قبول نہیں کرتے۔
اُن کا کہنا تھا کہ یہاں پر ایک بااختیار شہری حکومت ہونی چاہیے جبکہ کراچی کا حصہ اسے ملنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور شہری حکومت کراچی کو اس کا حصہ دے ،خیرات میں چیزیں نہ دے۔