سندھ حکومت نے 100 فیصد ویکسی نیشن والے اسکول 30 اگست سے کھولنے کی اجازت دے دی۔
وزیرتعلیم سندھ سردار شاہ نے کہا ہے کہ اسکول تاحکم ثانی بند رکھنےکا مطلب یہ نہیں کہ ایک سال بعد کھلیں گے۔
انہوں نےکہا کہ کل نجی اسکول انتظامیہ سے بات چیت کریں گے، ویکسی نیشن کا عمل مکمل نہ ہونے کے باعث اسکول بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 100 فیصد ویکسی نیشن والے اسکول 30 اگست سے کھول دیئے جائیں گے۔
واضح رہے کہ آل سندھ پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن نے حکومت کے اسکول نہ کھولنے کے فیصلے کے بعد 23 اگست 2021 سے بچوں کو سڑکوں پر پڑھانے کا اعلان کیا تھا۔
گزشتہ دنوں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی پریس کانفرنس کے بعد چیئرمین پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن سید طارق شاہ کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس ہوا۔
اجلاس میں سندھ حکومت سے پیر23 اگست سے اسکول کھولنے کا مطالبہ کیا گیا۔ شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اسکول نہ کھولنے کی صورت میں بچوں کو سڑکوں پر تعلیم دی جائے گی۔
ایسوسی ایشن نے فیصلہ کیا کہ 23 اگست کے بعد تعلیمی نظام آؤٹ ڈور اسکولنگ پر منتقل کیا جائے گا۔
پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز کا کہنا تھا کہ جو پرائیویٹ اسکولز ویکسی نیشن کا عمل مکمل کر چکے ہیں، انہیں کیوں بند رکھا جا رہا ہے؟