حکومت سندھ کے محکمہ تعلیم نے 30 اگست سے تمام نجی اور سرکاری اسکولوں کو کووڈ سے متعلق قواعد پر سختی سے عمل کرتے ہوئے کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ‘اسٹیئرنگ کمیٹی برائے تعلیم کے 27 اگست کے اجلاس میں ورکنگ کمیٹی کی تجویز اور متعلقہ حکام کی منظوری کے ساتھ محکمہ تعلیم سے منسلک تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے دوبارہ کھل جائیں گے’۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ‘اس کا اطلاق 30 اگست کو قواعد پر سختی سے عمل درآمد کے ساتھ ہوگا’۔
محکمہ تعلیم نے اسکولوں کے حوالے سے کہا ہے کہ ‘تمام اسکول ہفتے کے 6 دن کھلے ہوں گے اور طلبہ کی 50 فیصد حاضری ہر دوسرے دن یقینی بنائی جائے گی’۔
ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ‘تعلیمی اداروں کے تمام سربراہان تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی ویکسینیشن یقینی بنائیں گے اور متعلقہ علاقائی سربراہوں کو ثبوت پیش کریں گے’۔
تعلیمی اداروں سے کہا گیا ہے کہ ‘تمام تعلیمی ادارے کووڈ-19 کی ایس اوپیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے، جو محکمے کی جانب سے 4 ستمبر 2020 کو ایک نوٹیفیکیشن کے ذریعے جاری کی گئی تھیں’۔
محکمہ تعلیم نے کہا کہ ‘محکمہ تعلیم کسی بھی وقت کہیں بھی اچانک پی سی آر ٹیسٹ کرے گا’۔
یاد رہے کہ 23 اگست کو سندھ کے وزیر تعلیم سردار علی شاہ نے اعلان کیا تھا کہ ایسے اسکولوں کو 30 اگست سے کھولنے کی اجازت دے دی جائے گی، جن کے 100 فیصد عملے نے ویکسین لگوالی ہے۔